سمت۔ اردو ادب کا آن لائن زیر ترتیب جریدہ

Wednesday, October 26, 2005


غزلیں

مصحف اقبال توصیفی
۔۱۔

ہمیں دنیا سےکچھ لینا نہیں تھا
ہمارےہاتھ میں کاسہ نہیں تھا

سُنا تھا تو حسیں ہے، بےوفا بھی
تجھےاےزندگی دیکھا نہیں تھا

یہی انعام۔ اس کےکام آئیں
نہ لیں احساں اگر لیتا نہیں تھا

نئےکچھ خواب لےکر رات آئی
ابھی بستر پہ میں لیٹا نہیں تھا

مرےبچّوں کےاپنے اپنےآنگن
مرےگھر میں کوئی رہتا نہیں تھا
۔۲۔

بدن کی اندھیری گپھا میں نہیں
زمیں پر نہیں میں، خلا میں نہیں

وہ مٹّھی نہ کھولےتو میں کیا کروں
ابھی میری خوشبو ہوا میں نہیں

اُسی رنگ کا پھول اس نےچُنا
جو اک رنگ میری وفا میں نہیں

شکستہ پروں کو سمیٹو ذرا
زمیں پر رہو بس خلا میں نہیں

یہ اطلس، یہ کم خواب رہنےبھی دو
یہ پیوند میری قبا میں نہیں

مرا کھیل ہی سارا اُلٹا ہوا
اثر شعر میں ہےدُعا میں نہیں

سنیں شعر کس سے، سنائیں کسی
وہ کیفےنہیں اب، وہ شامیں نہیں

Monday, October 24, 2005

بارہ ماسا ۔ ماہیوں کے روپ میں

اعجاز عبید

شرت

چھوٹےدن لمبی رات

شرت کی رت آئی

اور پیا نہیں ہیں ساتھ

وسنت

ہےجانےکہاں ڈھولا

آیا ہوگا وسنت

میں کیوں بدلوں چولا

گِریشم

گرمی کی چڑھتی دھوپ

پھول سبھی کمھلاۓ

پر اس کا وہی ہےروپ

ورشا

دن رات سےکیا مطلب

ہجر نصیبوں کو

برسات سےکیا مطلب

شِشِر

کاغذ نہیں، سچیّ ہے

سانس جُڑی اس سے

جو آخری پتیّ ہے

ہیمنت

یہ گھاس جو گیلی ہے

برہا کا ہےآنسو

نہیں اوس کا موتی ہے